بات کرنے میں تو جاتی ہے ملاقات کی رات

غزل| امیرؔ مینائی انتخاب| بزم سخن

بات کرنے میں تو جاتی ہے ملاقات کی رات
کیا بڑی بات ہے رہ جاؤ یہیں رات کی رات
ذرے افشاں کے نہیں کرمکِ شبِ تاب سے کم
ہے وہ زلفِ عرق آلود کہ برسات کی رات
زاہد اُس زلف میں پھنس جائے تو اتنا پوچھوں
کہیے کس طرح کٹی قبلۂ حاجات کی رات
شام سے صبح تلک چلتے ہیں جامِ مے عیش
خوب ہوتی ہے بسر اہلِ خرابات کی رات
وصل چاہا شبِ معراج تو یہ عذر کیا
ہے یہ اللہ و پیمبر کی ملاقات کی رات
ہم مسافر ہیں یہ دنیا ہے حقیقت میں سرا
ہے توقف ہمیں اس جا تو فقط رات کی رات
چل کے اب سو رہو باتیں نہ بناؤ صاحب
وصل کی شب ہے نہیں حرف و حکایات کی رات
لیلۃ القدر ہے وصلت کی دعا مانگ امیرؔ
اس سے بہتر ہے کہاں کوئی مناجات کی رات



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام