ہو ورد صبح و مسا لا الہ الا اللہ

حمد| اقبالؔ سعیدی انتخاب| بزم سخن

ہو ورد صبح و مسا لا الہ الا اللہ
پیامِ حق کی صدا لا الہ الا اللہ
جہاں میں ہر سو ہدایت کی روشنی پھیلے
ہے نورِ حق کی ضیا لا الہ الا اللہ
فضا میں کلمۂ حق روز گونجتا ہی رہے
یہی ہے میری دعا لا الہ الا اللہ
جہاں پہ آئے تغیر بفضلِ ربِّ کریم
ہو سب کے لب کی نوا لا الہ الا اللہ
نوازشات اُسی کی ہیں زندگی کے لئے
یہ ہے اُسی کی عطا لا الہ الا اللہ
ہیں روز و شب مہ و خورشید نعمتیں اس کی
کرم ہے بیش بہا لا الہ الا اللہ
وہ لا شریک ہے اس کا کوئی شریک نہیں
ہے بے نیاز خدا لا الہ الا اللہ
ہے ذرہ ذرہ جہاں کا اسی کی طاعت میں
یہ آگ پانی ہوا لا الہ الا اللہ
تلاش کرتی ہے ہرسمت اس کو میری نگاہ
ہے دل میں جلوہ نما لا الہ الا اللہ
یہ کائنات مشیت سے بس اسی کی چلے
وہی ہے سب کا خدا لا الہ الا اللہ
عطائے رب پہ ہمیشہ زبان شاکر ہے
ہے اس کی حمد و ثنا لا الہ الا اللہ
رسولِ پاک کا پیغام ہر نفس میں رہے
میرے نبی کی عطا لا الہ الا اللہ
ہمیشہ ہونٹوں پہ اقبالؔ اس کی حمد رہے
سدا ہو دل کی صدا لا الہ الا اللہ


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام