ہر صاحبِ یقیں کا ایمان بن گئے ہیں

نعت| اعجازؔ رحمانی انتخاب| بزم سخن

ہر صاحبِ یقیں کا ایمان بن گئے ہیں
قولِ نبی دلیلِ قرآن بن گئے ہیں
تعلیمِ مصطفےٰ نے ایسا شعور بخشا
جو آدمی نہیں تھے انسان بن گئے ہیں
آدم سے تابہ عیسیٰ عیسیٰ سے مصطفیٰ تک
اک داستاں کے کتنے عنوان بن گئے ہیں
اسلام چاہتا ہے اس واسطے اُخوّت
جب مل گئے ہیں قطرے طوفان بن گئے ہیں
اخلاقِ مصطفیٰ ہے کردار کی کسوٹی
اقوال مصطفےٰ کے میزان بن گئے ہیں
اسلام سے ہٹے ہیں جس دور میں بھی انساں
فرعون بن گئے ہیں ہامان بن گئے ہیں
کلمہ ، نماز ، روزہ ، حج و زکوۃ یارو
دینِ محمدی کے ارکان بن گئے ہیں
جن کو ہوئی میسر دربار میں حضوری
وہ لوگ مصطفےٰ کے مہمان بن گئے ہیں

کیا حشر اپنا ہوگا اعجازؔ روزِ محشر
ہر بات جان کر ہم انجان بن گئے ہیں


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام