ابھری نہ کوئی شکل نہ پیکر نظر آیا

غزل| خالد احمد خالدؔ انتخاب| بزم سخن

ابھری نہ کوئی شکل نہ پیکر نظر آیا
تصویر میں رنگوں کا سمندر نظر آیا
اے دوست ترا شہر بھی ہے شہرِ طلسمات
چھو کر جسے دیکھا وہی پتھر نظر آیا
ہر شخص حقائق کی کڑی دھوپ کے ڈر سے
تانے ہوئے اوہام کی چادر نظر آیا
ہر شخص نیا شخص تھا جب غور سے دیکھا
انسان اک انسان کے اندر نظر آیا
میں خواب میں کل رات جسے چوم رہا تھا
جاگا تو اسی ہاتھ میں پتھر نظر آیا
جب بونے لگا بیج خیالات کے خالدؔ
ہر لفظ کا دامن مجھے بنجر نظر آیا



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام