رسولؐ خدا کا مقام ، اللہ اللہ

نعت| محمد حسین فطرتؔ انتخاب| بزم سخن

رسولؐ خدا کا مقام ، اللہ اللہ
خدا بھیجتا ہے سلام ، اللہ اللہ
صحابہ میں خیر الانام ، اللہ اللہ
ستاروں میں ماہ تمام ، اللہ اللہ
رسولؐ خدا کا غلام ، اللہ اللہ
زمانے کا وہ ہے امام ، اللہ اللہ
ہے اک ذاتِ خالق ہی مختارِ مطلق
یہی ہے نبیؐ کا پیام ، اللہ اللہ
وہ تھے عبدِ کامل سراپا اطاعت
نہیں اس سے اعلی مقام ، اللہ اللہ
سبق ما سوا کی عبادت کا وہ دے
نبیؐ کا نہیں ہے یہ کام ، اللہ اللہ
بیاں کیا ہو نطقِ نبیؐ کی حقیقت
ہے وحئ الہی کلام ، اللہ اللہ
ھو الحق ھو الحق وظیفہ ہے اپنا
پلایا وہ وحدت کا جام ، اللہ اللہ
وہ رقصِ صبا چاندنی کا وہ منظر
مدینہ کی وہ صبح و شام ، اللہ اللہ
وہ روضے کی جالی منور منور
کہ جیسے ہو ماہِ تمام ، اللہ اللہ
بیاضِ غلامانِ احمد جو کھولی
نظر آیا فطرتؔ کا نام ، اللہ اللہ


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام