کچھ حال نہیں کھلتا میرا زندہ ہوں تو کیسا زندہ ہوں

غزل| لیاقت علی عاصمؔ انتخاب| بزم سخن

کچھ حال نہیں کھلتا میرا زندہ ہوں تو کیسا زندہ ہوں
ماضی کی طرح میں بیت چکا یا صورتِ فردا زندہ ہوں
اطراف میں ایسی تاریکی جگنو بھی نہیں آنسو بھی نہیں
اے شامِ دعا اب روشن ہو میں شام سے تنہا زندہ ہوں
دیواروں سی دیواریں ہیں اندیشوں سے اندیشے ہیں
سایوں میں گھرا بیٹھا ہوں مگر کتنا بے سایہ زندہ ہوں
آزار لئے سمجھوتے کا کچھ سہل نہیں جینا مرنا
اندر سے مکمل ٹوٹ چکا باہر سے سراپا زندہ ہوں
آنکھوں میں نمی آتی ہی نہیں ہونٹوں سے ہنسی جاتی ہی نہیں
اے وقت پلٹ کے دیکھ کہ میں تصویر میں کتنا زندہ ہوں
آنگن میں گم صم بیٹھا ہوں بے اسبابی کا رنج لئے
سنّاٹا باتیں کرتا ہے مجھ سے میں گویا زندہ ہوں

اوّل تو کوئی پوچھے گا نہیں اُس شہر میں میرے بارے میں
بالفرض یہ مشکل آن پڑے عاصمؔ تو یہ کہنا زندہ ہوں


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام